نیپال: 9 روز سے سرنگ میں پھنسے 2 افراد زندہ نکال لیے گئے


نیپال میں گلیشیئر ٹوٹنے اور سیلاب کے بعد ہائیڈرو پاور منصوبے کی سرنگ میں 9 روز سے پھنسے 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔ نیپال میں قدرتی آفت سے 1,252 افراد ہلاک اور 4,200 سے زائد لاپتا ہیں، جبکہ سرنگوں میں پھنسے سینکڑوں افراد کی تلاش جاری ہے
کھٹمنڈو: نیپال میں سیلاب اور گلیشیئر ٹوٹنے کے نتیجے میں ہائیڈرو پاور منصوبوں سے منسلک سرنگ میں 9 روز سے پھنسے دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 26 اگست کو دریائے تریشولی کے بالائی حصے میں گلیشیئر ٹوٹنے کے بعد برف، چٹانوں اور کیچڑ کے بڑے ریلے نے وادی میں شدید تباہی مچائی تھی۔
نیپالی حکام کے مطابق دریائے تریشولی پر قائم 6 ہائیڈرو پاور منصوبوں سے منسلک سرنگوں میں کم از کم 900 افراد پھنس گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان سرنگوں میں موجود متعدد افراد کے زندہ ہونے کا امکان اب بھی موجود ہے، تاہم اب تک صرف دو افراد کو زندہ نکالا جا سکا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نیپال میں اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم 1,252 افراد ہلاک جبکہ 4,200 سے زائد لاپتا ہیں، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ چین کے مطابق تبت میں بھی 21 افراد ہلاک اور 541 لاپتا ہیں۔
دو افراد کو 9 روز بعد زندگی مل گئی
اپر تریشولی 3 اے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کی سرنگ سے بازیاب ہونے والے دونوں افراد ہائیڈرو پاور منصوبوں سے منسلک سرنگوں میں پھنسے افراد میں سے پہلے دو خوش قسمت افراد ہیں جنہیں زندہ نکالا گیا ہے۔

نیپالی وزیر توانائی بیراج بھکتا شریستھا کے دفتر کے مطابق بازیاب افراد کی شناخت مکینیکل فورمین سنجے سہ اور مکینیکل سپروائزر کبیر مہار جن کے نام سے ہوئی ہے۔
جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کبیر مہار جن کو زمین میں بنائے گئے ایک سوراخ کے ذریعے باہر نکالا گیا، جس پر موقع پر موجود امدادی کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہیں اسٹریچر پر منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب سنجے سہ کو ایک امدادی کارکن نے اپنی پشت پر اٹھا کر سرنگ کے قریب قائم ریسکیو خیمے تک پہنچایا۔ ان کے چہرے اور جسم پر کیچڑ لگی ہوئی تھی۔
نیپالی وزیر توانائی کے معاون کے مطابق کبیر مہار جن اپنے ہاتھ پاؤں حرکت نہیں دے پا رہے، تاہم سنجے سہ کو آنے والے زخم جان لیوا نوعیت کے نہیں ہیں۔ دونوں کو مزید علاج کے لیے دارالحکومت کھٹمنڈو کے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
کبیر کے بھائی امیر مہار جن نے بتایا کہ انہیں ابھی تک سرکاری طور پر بھائی کی بازیابی کی اطلاع نہیں ملی، تاہم خبروں کے ذریعے انہیں معلوم ہوا کہ ان کا بھائی زندہ مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا خاندان اس خبر پر انتہائی خوش ہے۔

شائع ہوا: 5 ستمبر، 2026 کو 05:26 AM
آخری تدوین: 5 ستمبر، 2026



