آبنائے ہرمز سے روزانہ 90 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل جاری، امریکی وزیر توانائی


امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے روزانہ 90 لاکھ بیرل تیل گزر رہا ہے، جبکہ امریکی بحریہ آئل ٹینکرز کو ممکنہ ایرانی حملوں سے تحفظ فراہم کر رہی ہے
اسلام آباد: امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے روزانہ تقریباً 90 لاکھ بیرل تیل گزر رہا ہے، جس سے عالمی توانائی کی مارکیٹ میں قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
کرس رائٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری ہے، جبکہ خطے میں موجود پائپ لائنز کے ذریعے بھی تیل کی فراہمی کا سلسلہ برقرار ہے۔
امریکی وزیر توانائی کے مطابق عالمی منڈیوں تک تیل کی مسلسل ترسیل توانائی کی قیمتوں پر ممکنہ دباؤ کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کا بڑا حصہ امریکی بحریہ کی موجودگی اور سکیورٹی انتظامات پر منحصر ہے۔ امریکی بحریہ آئل ٹینکرز کو ممکنہ ایرانی حملوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے حفاظتی حصار مہیا کر رہی ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین توانائی کے راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر بڑی مقدار میں خام تیل اور دیگر توانائی کی مصنوعات کی ترسیل ہوتی ہے۔ خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی یا آمدورفت میں رکاوٹ عالمی تیل کی قیمتوں اور توانائی کی منڈیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

شائع ہوا: 7 ستمبر، 2026 کو 02:39 AM
آخری تدوین: 7 ستمبر، 2026



