سفارتکاری کے ذریعے جنگ کا خاتمہ اب بھی ممکن ہے: عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کا خواہاں ہے، امریکا کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے جنگ کا خاتمہ اب بھی ممکن ہے اور ایران تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی راستے کا خواہاں ہے۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے بجائے ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، تاہم ایران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو مستقبل میں دوبارہ جنگ چھڑنے کے امکانات کو ختم کرسکے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کو آگے بڑھانے سے قبل امریکا کی سنجیدگی کی ضمانت ضروری ہے۔ اس حوالے سے اعتماد سازی کے اقدامات پر ثالثوں کے ساتھ مشاورت بھی کی گئی ہے۔
عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایران کی شرائط پوری نہیں ہوتیں، آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
جوہری پروگرام سے متعلق ایرانی مؤقف واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے حوالے سے ایران کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور افزودہ یورینیم ایران سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے جوہری نظریے میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی اور تہران اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
عباس عراقچی کے اس بیان کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ایک طرف سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے تو دوسری جانب ایران نے اپنے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز سے متعلق شرائط بھی واضح کردی ہیں۔
شائع ہوا: 21 نومبر، 2026 کو 07:43 AM
آخری تدوین: 21 نومبر، 2026



