علیمہ خان کے بعد نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی 30 روز کیلئے نظر بند

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بعد عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بھی 30 روز کے لیے تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کو ڈپٹی کمشنر لاہور کے احکامات پر پولیس کی سفارش کے بعد نقصِ امن کے خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا گیا۔ دونوں بہنوں کو جیل منتقل کر دیا گیا
لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بھی 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کے احکامات پر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو تھری ایم پی او کے تحت نظربند کیا گیا۔ پولیس کی سفارش پر دونوں کو نقصِ امن کے خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے علیمہ خان کی رہائش گاہ پر کارروائی کرتے ہوئے عظمیٰ خان، نورین نیازی، ان کے بچوں اور دیگر اہلخانہ کو حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں بچوں اور دیگر اہلخانہ کو چھوڑ دیا گیا۔
عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بکتر بند گاڑی کے ذریعے منتقل کیا گیا اور دونوں کو 30 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
اس سے قبل پولیس نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو اپر مال سے جم خانہ جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، جنہیں تھری ایم پی او کے تحت کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق علیمہ خان کی ذاتی گاڑی بھی تھانے میں کھڑی کر دی گئی ہے۔
شائع ہوا: 21 ستمبر، 2026 کو 05:50 AM
آخری تدوین: 21 ستمبر، 2026



