انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے ممبئی میں 62 کروڑ روپے سے زائد کی پراپرٹی خرید لی

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے ممبئی کے علاقے ورسوا میں لگژری رہائشی منصوبے میں کروڑوں روپے کے اپارٹمنٹس خرید لیے۔ انوشکا کے والدین نے بھی دو فلیٹس خریدے۔ چار اپارٹمنٹس کی مجموعی قیمت 62 کروڑ 29 لاکھ بھارتی روپے ہے، جبکہ قبضہ 2031 میں ملنے کی توقع ہے
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے ممبئی میں لگژری اپارٹمنٹس کی خریداری پر کروڑوں بھارتی روپے خرچ کر دیے، جبکہ انوشکا شرما کے والدین نے بھی اسی رہائشی منصوبے میں دو اپارٹمنٹس خرید لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا شرما اور ان کے اہلِ خانہ نے ممبئی کے علاقے ورسوا میں واقع لگژری رہائشی منصوبے ’گوڈریج اسکائی شور‘ میں مجموعی طور پر چار اپارٹمنٹس خریدے ہیں، جن کی مالیت 62 کروڑ 29 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انوشکا شرما نے 2 ہزار 153 مربع فٹ پر مشتمل ایک اپارٹمنٹ 14 کروڑ 89 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا، جبکہ ان کے والدین نے 1 ہزار 577 مربع فٹ کا ایک اپارٹمنٹ 10 کروڑ 91 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا۔ ان دونوں اپارٹمنٹس کی مجموعی قیمت 25 کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
ان خریداریوں کے معاہدے 8 جولائی 2026 کو رجسٹرڈ ہوئے۔ انوشکا شرما نے اپنے اپارٹمنٹ پر 74 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ ان کے والدین نے 65 لاکھ 40 ہزار روپے اسٹیمپ ڈیوٹی ادا کی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں اپارٹمنٹس زیرِ تعمیر رہائشی منصوبے کا حصہ ہیں، جن کا قبضہ 30 جون 2031 تک ملنے کی توقع ہے۔ انوشکا شرما کے اپارٹمنٹ کے ساتھ پارکنگ کی تین مخصوص جگہیں بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے اسی منصوبے میں مشترکہ طور پر ایک اور اپارٹمنٹ بھی خریدا، جس کی قیمت 18 کروڑ 29 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔ اس معاہدے کی رجسٹریشن 21 جولائی 2026 کو ہوئی، جبکہ جوڑے نے تقریباً ایک کروڑ 9 لاکھ روپے اسٹیمپ ڈیوٹی ادا کی۔
یوں انوشکا شرما، ویرات کوہلی اور انوشکا کے والدین کی جانب سے خریدے گئے چار اپارٹمنٹس کی مجموعی مالیت 62 کروڑ 29 لاکھ بھارتی روپے بنتی ہے۔ ان اپارٹمنٹس کا قبضہ متوقع طور پر 2031 میں ملے گا.
شائع ہوا: 10 اکتوبر، 2026 کو 05:19 AM
آخری تدوین: 10 اکتوبر، 2026



