’پسوری‘ نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا سنگ میل عبور کرلیا


کوک اسٹوڈیو کا مقبول گانا ’پسوری‘ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پاکستان میں تیار کردہ پہلی میوزک ویڈیو بن گیا۔ علی سیٹھی اور شے گل کے گانے نے اسپاٹی فائی پر بھی ریکارڈ مقبولیت حاصل کی، جبکہ ’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک اور بالی ووڈ تک بھی اس کی گونج پہنچی
پاکستانی میوزک کی تاریخ میں ایک اور بڑا سنگ میل، کوک اسٹوڈیو کا مقبول گانا ’پسوری‘ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پاکستان میں تیار کردہ پہلی میوزک ویڈیو بن گیا۔
کوک اسٹوڈیو کے آفیشل پیج نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ’پسوری‘ کے ایک ارب ویوز مکمل ہونے کی تصدیق کی۔ اس موقع پر کوک اسٹوڈیو نے گانے کو یہ اعزاز دلانے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں نے گانے کو سنا، اس کے ساتھ گایا اور اسے اپنا بنا لیا۔
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے اس موقع پر ایک خصوصی ریل بھی شیئر کی گئی، جس میں گانے کے گلوکار علی سیٹھی اور شے گل کے ساتھ پروڈیوسرز ذوالفقار ’زلفی‘ خان اور عبداللہ صدیقی بھی موجود تھے۔ کوک اسٹوڈیو نے ان تمام مداحوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ’پسوری‘ کو ایک ارب ویوز کے سنگ میل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ ’پسوری‘ 7 فروری 2022 کو ریلیز ہوا تھا اور تقریباً چار سال سات ماہ سے بھی کم عرصے میں اس کی ویڈیو نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز مکمل کرلیے۔

اسپاٹی فائی پر بھی ’پسوری‘ کا راج
’پسوری‘ کی مقبولیت یوٹیوب تک محدود نہیں رہی۔ گانا اپنی ریلیز کے سال اسپاٹی فائی پر سب سے زیادہ اسٹریم کیا جانے والا پاکستانی گانا بھی رہا۔
علی سیٹھی اور شے گل کا یہ گانا اب بھی اسپاٹی فائی پر دونوں گلوکاروں کا سب سے زیادہ اسٹریم کیا جانے والا ٹریک ہے اور اسے تقریباً 405 ملین مرتبہ اسٹریم کیا جا چکا ہے۔
’پسوری‘ نے پاکستان کے علاوہ بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی بھرپور توجہ حاصل کی، جبکہ گانے کی مقبولیت کے بعد مختلف ممالک میں اس کے متعدد کورز بھی سامنے آئے۔

مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک کا حصہ بھی بنا
’پسوری‘ کو بعد ازاں ڈزنی کی سیریز ’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں بھی شامل کیا گیا۔ سیریز کی مرکزی کردار ایک پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہے، جس کے باعث گانے کو عالمی سطح پر مزید سامعین تک رسائی ملی۔
بالی ووڈ میں بھی ’پسوری‘ کی گونج
’پسوری‘ نے بالی ووڈ کی بھی توجہ حاصل کی اور معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے گانے کا اپنا ورژن پیش کیا۔
اریجیت سنگھ کی جانب سے ’پسوری‘ کا نیا ورژن سامنے آنے پر مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل بھی دیکھنے میں آیا۔ بعض مداحوں نے بھارتی فلم انڈسٹری پر ’پسوری‘ کو اپنے نام کرنے کی کوشش کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا حصول ’پسوری‘ کی عالمی مقبولیت اور پاکستانی موسیقی کی بین الاقوامی رسائی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

شائع ہوا: 9 ستمبر، 2026 کو 03:45 AM
آخری تدوین: 9 ستمبر، 2026



