عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، برینٹ 101 ڈالر فی بیرل سے تجاوز


امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے، برینٹ خام تیل 101 ڈالر فی بیرل سے اوپر جبکہ پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل بھی مہنگا ہوگیا
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ میں سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ برینٹ خام تیل 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر برقرار ہے۔
تازہ کاروباری صورتحال کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 3 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا اور قیمت 101 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ روز برینٹ 101.21 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جو کئی ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 97 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں حالیہ تیزی کی بنیادی وجہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، تیل کی ترسیل میں رکاوٹ اور سپلائی کے حوالے سے بڑھتے خدشات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی نے عالمی تیل کی ترسیل کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔ اس اہم بحری گزرگاہ سے عام حالات میں عالمی تیل اور گیس کی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے، تاہم حالیہ حملوں کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب حوثی حملوں اور سعودی توانائی تنصیبات کو لاحق خطرات نے بھی عالمی منڈی میں سپلائی کے خدشات مزید بڑھا دیے ہیں، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں پر اضافی دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل بھی مہنگا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آئے ہیں۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز اضافہ کیا ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 385.95 روپے سے بڑھ کر 392.67 روپے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے 10 ستمبر کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث آنے والے دنوں میں بھی پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

شائع ہوا: 10 ستمبر، 2026 کو 07:34 AM
آخری تدوین: 10 ستمبر، 2026



