عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ


آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، برینٹ خام تیل 96.80 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 92.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔
عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے متعلق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث سرمایہ کار عالمی تیل کی ترسیل پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق آج ابتدائی کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 0.54 فیصد اضافے کے بعد 96.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دوسری جانب ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 0.72 فیصد اضافے کے بعد 92.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار رہنے یا تیل کی ترسیل میں مزید رکاوٹ کی صورت میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔

شائع ہوا: 7 ستمبر، 2026 کو 05:12 AM
آخری تدوین: 7 ستمبر، 2026



