پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کے معاہدے پر دستخط

پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی صنعتی اور سکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے بدر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔ خواجہ آصف سمیت چاروں ممالک کے اعلیٰ دفاعی حکام نے معاہدے پر دستخط کیے
پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ’بدر مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کردیے۔
ترک وزارتِ دفاع کے مطابق اس معاہدے پر ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر کے دورۂ قطر کے دوران دستخط کیے گئے۔ معاہدے کا مقصد چاروں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینا اور جاری دفاعی منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن الثانی اور انڈونیشیا کے نائب وزیرِ دفاع یوسف جوہری نے دستخط کیے۔

ترک دفاعی صنعتی ایجنسی کے مطابق ’بدر مفاہمتی یادداشت‘ چاروں ممالک کے درمیان جاری دفاعی منصوبوں میں پیش رفت اور دفاعی صنعت کے شعبے میں باہمی تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔
شائع ہوا: 21 اکتوبر، 2026 کو 04:51 PM
آخری تدوین: 21 اکتوبر، 2026



