خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں، 18 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 13 خوارج شمالی وزیرستان جبکہ 5 دہشت گرد مستونگ میں مارے گئے، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مؤثر کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 13 خوارج ہلاک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھیں، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاپشت اور کلی گشتری میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں قوم کے عزم و حوصلے کی عکاسی کرتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف پختہ عزم کا اظہار کیا گیا ہے اور دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
شائع ہوا: 7 اکتوبر، 2026 کو 12:08 PM
آخری تدوین: 7 اکتوبر، 2026



