امریکی شہریوں سے 35 ارب روپے کے فراڈ کا ملزم فہیم اکرم 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے

امریکی شہریوں کو جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرکے مبینہ طور پر 35 ارب روپے کے فراڈ کے ملزم فہیم اکرم کا عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ امریکی انتظامیہ نے ملزم کی گرفتاری میں مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام مقرر کر رکھا تھا
لاہور: امریکی شہریوں کو جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرکے مبینہ طور پر اربوں روپے کا فراڈ کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم فہیم اکرم کو عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حوالے کردیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ایک ویب سائٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ مبینہ فراڈ نیٹ ورک چلانے کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔
این سی سی آئی اے نے عدالت سے ملزم کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو دوبارہ 26 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ملزم لاہور سے گرفتار، جدید ٹیکنالوجی سے سراغ لگایا گیا
این سی سی آئی اے نے امریکی شہریوں کو جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کے مبینہ نیٹ ورک کے مرکزی ملزم فہیم اکرم کو گزشتہ روز لاہور سے گرفتار کیا تھا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے تفتیشی ٹیموں نے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کی۔ حکام نے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا سراغ لگانے کے لیے 10 روز تک لوکیٹر آپریشن جاری رہا، جبکہ گرفتاری کے سلسلے میں 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ملزم کی گرفتاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکہ نے فہیم اکرم کی گرفتاری پر ایک لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا تھا
امریکی انتظامیہ نے فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد دینے کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام مقرر کر رکھا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم پر جعلی ڈاک ٹکٹوں کی اسکیم چلانے کا الزام ہے، جس کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم سے مبینہ فراڈ نیٹ ورک، جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت اور مالی لین دین کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
شائع ہوا: 22 اکتوبر، 2026 کو 06:53 AM
آخری تدوین: 22 اکتوبر، 2026



