اڈیالہ جیل کے 3 قیدی عمران خان جیسی طبی سہولیات کیلئے وفاقی آئینی عدالت پہنچ گئے


اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں نے عمران خان جیسی طبی سہولیات کے حصول کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں شفا انٹرنیشنل سے علاج، مساوی طبی سہولیات اور عمران خان کی طرز پر واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک بات چیت کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے
اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید تین قیدیوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات جیسی سہولیات کے حصول کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں قیدیوں نے عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہے، جبکہ عدالت نے تینوں اپیلوں کو الگ الگ نمبر بھی الاٹ کردیئے ہیں۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کا تقاضا کرتا ہے، اس لیے انہیں بھی وہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دستیاب ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا متعلقہ فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست گزاروں کو بھی عمران خان کی طرز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 18 اگست کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لہٰذا انہیں بھی علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تناظر میں درخواست گزاروں کو بھی عمران خان کی طرز پر واٹس ایپ کے ذریعے بیرون ملک موجود افراد سے بات چیت کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
وفاقی آئینی عدالت نے تینوں اپیلوں کو الگ الگ نمبر جاری کردیئے ہیں۔ پہلی اپیل کو 2050/2026، دوسری کو 2051/2026 جبکہ تیسری اپیل کو 2052/2026 نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔

شائع ہوا: 8 ستمبر، 2026 کو 01:00 PM
آخری تدوین: 8 ستمبر، 2026



