پاکستان انڈر 19 ٹیم کیلئے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے ان کا اعتماد بڑھے گا اور وہ مزید توجہ کے ساتھ اپنی کرکٹ جاری رکھ سکیں گے
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈر 19 قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مدعو کیا، ان سے انفرادی ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کرکٹرز کو مزید بہتر کارکردگی کی ترغیب دیں گے، جبکہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران منعقد کیے گئے انڈر 19 ترقیاتی کیمپوں سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا اور وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔
جہانگیر بلال کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنے اہلخانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔
شائع ہوا: 21 ستمبر، 2026 کو 07:43 AM
آخری تدوین: 21 ستمبر، 2026



