حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عمران خان کے علاج کیلئے لندن سے ڈاکٹر کو بلایا گیا: سلمان اکرم راجہ

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے عمران خان کے بلڈ پریشر سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لندن سے ڈاکٹر بلائے جانے کی اطلاع دی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے انہیں بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا گزشتہ چار سے پانچ ہفتوں کے دوران بلڈ پریشر بڑھ رہا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حکومتی ٹیم کے مطابق عمران خان کو بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لیے ادویات دی گئیں، تاہم ابتدائی طور پر بلڈ پریشر قابو میں نہیں آ رہا تھا۔
لندن سے ڈاکٹر بلانے کا دعویٰ
سلمان اکرم راجہ کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم نے بتایا کہ عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے خصوصی طور پر لندن سے ڈاکٹر کو بلایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لندن سے آنے والے ڈاکٹر نے عمران خان کا چیک اپ کیا، جس کے بعد بڑی مشکل سے ان کا بلڈ پریشر کنٹرول میں لایا گیا۔
ذاتی معالج کو پینل میں شامل کرنے پر اتفاق نہ ہوسکا
پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو طبی پینل کا حصہ بنانے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
انہوں نے عمران خان سے ملاقات کو اہم ترین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی مکالمے میں شامل کیے بغیر کسی بھی معاملے کو حتمی شکل نہیں دی جاسکتی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان سے براہ راست مشاورت ضروری ہے اور مذاکرات یا سیاسی معاملات میں ان کی رائے کو شامل کیے بغیر کوئی حتمی پیش رفت ممکن نہیں ہوگی۔
شائع ہوا: 6 اکتوبر، 2026 کو 04:24 AM
آخری تدوین: 6 اکتوبر، 2026



