امام کعبہ شیخ السدیس کا دوٹوک پیغام: حرمین شریفین کی حرمت سرخ لکیر ہے

امام کعبہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت سرخ لکیر ہے جسے عبور نہیں کیا جا سکتا۔ خطبے میں حملوں کی مذمت اور مصنوعی ذہانت سے جعلی ویڈیوز و آوازیں پھیلانے سے گریز کی تاکید بھی کی گئی
ویب ڈیسک: مسجد الحرام کے امام اور حرمین شریفین کے امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت سرخ لکیر ہے، جسے کسی صورت عبور نہیں کیا جا سکتا۔
مسجد الحرام میں خطبہ دیتے ہوئے شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور شہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین پر حملے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں اور ان مقدس مقامات کی حرمت کا احترام لازم ہے۔
شیخ السدیس نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز اور آوازیں تیار کرکے پھیلانے کو جھوٹ اور حرام عمل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، جسے اطاعتِ الٰہی اور اس کی خوشنودی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ خالد المعینا نے خطبے میں کہا کہ حرمین شریفین سے عداوت رکھنے والوں کی دشمنی انہیں گمراہی اور رسوائی کی طرف لے جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اللہ تعالیٰ کا محترم گھر اور اس کے نزدیک محبوب ترین سرزمین ہے۔
شائع ہوا: 10 اکتوبر، 2026 کو 08:44 AM
آخری تدوین: 10 اکتوبر، 2026



