آئی فون 18 پرو اور پرو میکس مہنگے ہونے کا امکان، قیمت میں کتنا اضافہ متوقع؟

آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی ممکنہ قیمتیں سامنے آگئیں۔ ٹرینڈ فورس کے مطابق آئی فون 18 پرو کی قیمت 1249 سے 1299 ڈالر جبکہ پرو میکس کی قیمت 1349 سے 1399 ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ میموری چِپس کی قیمت اور پیداواری لاگت میں اضافے کو قیمت بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے
کیلیفورنیا: ایپل رواں سال اپنی نئی آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جبکہ نئے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی ممکنہ قیمتوں کے حوالے سے اہم پیش گوئی سامنے آگئی ہے۔
تحقیقاتی ادارے ٹرینڈ فورس کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,249 سے 1,299 ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے، جبکہ آئی فون 17 پرو کی ابتدائی قیمت 1,099 ڈالر تھی۔
اسی طرح آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1,349 سے 1,399 ڈالر تک ہونے کا امکان ہے۔ یہ گزشتہ نسل کے آئی فون 17 پرو میکس کی 1,199 ڈالر کی ابتدائی قیمت کے مقابلے میں تقریباً 150 سے 200 ڈالر زیادہ ہوگی۔
قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ کیا ہے؟
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہے۔
ٹرینڈ فورس کے اندازے کے مطابق 256 جی بی میموری چِپ کی قیمت ایک سال کے دوران تقریباً 400 فیصد بڑھ چکی ہے، جس سے اسمارٹ فونز سمیت دیگر الیکٹرانک مصنوعات کی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق 256 جی بی اسٹوریج والے پرو ماڈل کی مجموعی پیداواری لاگت بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 38 فیصد بڑھ گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایپل اضافی پیداواری اخراجات کا کچھ حصہ خود برداشت کرتے ہوئے اپنے منافع میں کمی کر سکتا ہے، تاکہ تمام اضافی لاگت صارفین پر منتقل نہ ہو۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کے لیے میموری کی بڑھتی ہوئی طلب بھی میموری چِپس کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔
شائع ہوا: 5 ستمبر، 2026 کو 05:49 AM
آخری تدوین: 5 ستمبر، 2026



