بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 36 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 36 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 48 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں
راولپنڈی بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 36 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات بھی موقع پر تباہ کر دیے گئے۔
اسی طرح ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں 48 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے دوران بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے نتیجے میں 1188 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انسداد دہشتگردی آپریشنز عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔
شائع ہوا: 4 ستمبر، 2026 کو 03:59 PM
آخری تدوین: 4 ستمبر، 2026



