وزارت خارجہ کا دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف، سرٹیفکیٹ ای میل پر ملے گا

وزارت خارجہ نے 12 اکتوبر 2026 سے دستاویزات کی تصدیق کا ڈیجیٹل نظام فعال کر دیا۔ شہری آن لائن دستاویزات اپ لوڈ، فیس ادا اور تصدیقی سرٹیفکیٹ ای میل پر حاصل کر سکیں گے۔ درخواست کے لیے سرکاری پورٹل اور مکمل طریقہ کار جانیے
اسلام آباد: وزارت خارجہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے دستاویزات کی تصدیق کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت شہری آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے اور تصدیقی سرٹیفکیٹ ای میل کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق نیا نظام 12 اکتوبر 2026 سے فعال ہو چکا ہے۔ اس نظام کا اطلاق اسلام آباد میں وزارت کے مرکزی دفتر کے علاوہ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قائم رابطہ دفاتر پر بھی ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے تحت شہریوں کو سب سے پہلے آن لائن پورٹل پر اپنی دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد آن لائن فیس ادا کی جا سکے گی، جس کے بعد تصدیقی سرٹیفکیٹ درخواست گزار کو ای میل کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے، طویل قطاروں میں انتظار کرنے اور روایتی طریقہ کار سے پیش آنے والی مشکلات سے نجات دلانا ہے۔ اس اقدام سے دستاویزات کی تصدیق کا عمل مزید آسان اور سہل بنانے میں مدد ملے گی۔
شہری دستاویزات کی تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کے سرکاری آن لائن پورٹل پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
آن لائن درخواست کا لنک: https://portal-attestation.mofa.gov.pk
شائع ہوا: 17 اکتوبر، 2026 کو 08:51 AM
آخری تدوین: 17 اکتوبر، 2026



