مومنہ اقبال کا ثاقب چدھڑ کے الزامات پر ردعمل، اداکارہ نے دعوے جھوٹے قرار دے دیے


اداکارہ مومنہ اقبال نے ن لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے خود اور اپنی بہن پر عائد الزامات کو جھوٹا قرار دے دیا۔ مومنہ اقبال کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کی پابندی نہ ہوتی تو 50 سیکنڈ کا وائس نوٹ ہی جواب دینے کے لیے کافی تھا
اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے خود اور اپنی بہن پر عائد کیے گئے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر این سی سی آئی اے کی پابندی نہ ہوتی تو 50 سیکنڈ کا وائس نوٹ ہی ان دعوؤں کا جواب دینے کے لیے کافی تھا۔
ثاقب چدھڑ کا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیا۔ انہوں نے انٹرویو لینے والی میزبان کے ولیمے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پوڈکاسٹ ان کی دوست کے ساتھ کیا گیا اور مبینہ جعلی ثبوت بھی اسی دوست کو دکھائے گئے، حتیٰ کہ ان ثبوتوں کی تصدیق بھی ان کی دوست سے کروائی گئی۔
مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ معاملہ عوامی سطح پر اٹھا رہے ہیں تو انہیں ثبوت بھی کیمرے کے سامنے عوام کے سامنے پیش کرنے چاہئیں تھے، تاکہ لوگ خود فیصلہ کرسکیں کہ الزامات درست ہیں یا نہیں۔
اداکارہ کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے پابندی کے باعث وہ ثاقب چدھڑ کے وائس نوٹس اور ان کی اہلیہ کی جانب سے کی جانے والی مبینہ ریکارڈڈ فون کالز منظرِ عام پر نہیں لاسکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس موجود تقریباً 50 سیکنڈ کا مختصر وائس نوٹ ہی ثاقب چدھڑ کے مبینہ جھوٹے دعوؤں کا جواب دینے کے لیے کافی تھا۔
مومنہ اقبال نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ ثاقب چدھڑ جو کرنا چاہتے ہیں کررہے ہیں، تاہم انہیں اللہ پر بھروسا ہے۔

شائع ہوا: 8 ستمبر، 2026 کو 04:00 AM
آخری تدوین: 8 ستمبر، 2026



