موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کردی، معاشی آؤٹ لک مستحکم قرار

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے اپ گریڈ کرکے B3 کردی ہے۔ بلومبرگ کے مطابق لانگ ٹرم غیر ملکی اور مقامی قرضوں کی ریٹنگ میں بہتری کی گئی ہے، جبکہ پاکستان کا معاشی آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا گیا ہے
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کرتے ہوئے اسے Caa1 سے اپ گریڈ کرکے B3 کردیا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ میں یہ بہتری ملکی معیشت میں استحکام اور مالیاتی صورتحال میں بہتری کے تناظر میں کی گئی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق موڈیز نے پاکستان کے لانگ ٹرم غیر ملکی کرنسی کے قرضوں کی ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کردی ہے، جبکہ لانگ ٹرم مقامی کرنسی کے قرضوں کی ریٹنگ بھی B3 کردی گئی ہے۔
موڈیز نے پاکستان کا معاشی آؤٹ لک "مستحکم" برقرار رکھا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق گورننس میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، قرض لینے کی لاگت میں کمی اور معاشی استحکام ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری سے عالمی مالیاتی منڈیوں میں ملک کے لیے قرض حاصل کرنے کے امکانات بہتر ہوں گے۔ پاکستان مستقبل میں بین الاقوامی مارکیٹ سے نسبتاً کم شرحِ سود اور بہتر شرائط پر قرض حاصل کرسکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موڈیز کی جانب سے ریٹنگ اپ گریڈ کیے جانے سے دیگر عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے بھی پاکستان کی معاشی صورتحال کے ازسرنو جائزے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
شائع ہوا: 24 اگست، 2026 کو 03:30 PM
آخری تدوین: 24 اگست، 2026



