وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

وزیراعظم سے پمز میں نومولود کو بچانے والی نرس کی ملاقات، ایک کروڑ روپے انعام اور تمغہ خدمت کا اعلان

W
Web Desk
3 ستمبر، 2026
وزیراعظم سے پمز میں نومولود کو بچانے والی نرس کی ملاقات، ایک کروڑ روپے انعام اور تمغہ خدمت کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی واقعے میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے ایک کروڑ روپے انعام اور 23 مارچ کو تمغہ خدمت دینے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور انہیں قوم کی بیٹی اور قوم کا فخر قرار دیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نرس رضیہ نورین کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا، جبکہ انہیں 23 مارچ کو تمغہ خدمت دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نرس رضیہ نورین کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رضیہ نورین نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک نومولود کی جان بچائی اور انتہائی جرات و ہمت کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے نرس سے کہا، "جس ماں کا بچہ آپ نے بچایا، وہ تمام عمر آپ کو دعائیں دے گی۔"

نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم ہاؤس مدعو کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے لیے بڑی عزت افزائی قرار دیا۔

ملاقات کے دوران رضیہ نورین نے پمز ہسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تفصیلات بھی وزیراعظم کو بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت ان کا میڈیکیشن کا وقت تھا کہ اچانک آگ نظر آئی۔

نرس رضیہ نورین کے مطابق انہوں نے کچھ سوچے بغیر فوراً اندر جانے کا فیصلہ کیا اور دوسری سسٹر سے کہا کہ بچوں کو بچایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ایک نومولود کو ریسکیو کرکے باہر لائیں اور ایک جان پہچان والے شخص کے ہاتھ میں بچے کو دینے کے بعد دیگر بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر چلی گئیں۔

رضیہ نورین نے بتایا کہ اسی دوران اچانک ایک زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رضیہ نورین کی بہادری اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہے اور ان کا یہ کارنامہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 3 ستمبر، 2026 کو 02:48 PM

آخری تدوین: 3 ستمبر، 2026

متعلقہ مضامین