پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم یادداشت پر دستخط

پاکستان اور سعودی عرب نے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ معاہدے کے تحت سائبر خطرات سے نمٹنے، سائبر اسپیس اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مہارت اور تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا
ریاض: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اہم تعاون کا آغاز ہو گیا ہے، دونوں ممالک نے سائبر خطرات سے نمٹنے اور اہم مفادات کے تحفظ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔
ریاض میں سعودی نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی (این سی اے) اور پاکستانی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان سائبر سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ اور سعودی نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینئر ماجد المزید نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت سائبر اسپیس کے تحفظ اور دونوں ممالک کے اہم قومی مفادات کو سائبر خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
یادداشت کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی مہارت، تجربات اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ بھی کریں گے، جس سے دونوں ممالک کی سائبر سیکیورٹی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے ریاض میں جاری عالمی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ 2026 کے موقع پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحیٰ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے درمیان ڈیجیٹل شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی اور جدید آئی ٹی کے شعبوں میں عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
شائع ہوا: 2 ستمبر، 2026 کو 01:35 PM
آخری تدوین: 2 ستمبر، 2026



