نیویارک میں پاک لانچ کانفرنس، پاکستانی ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپس عالمی توجہ کا مرکز

نیویارک کے ییل کلب میں پاک لانچ یو این کانفرنس کا انعقاد، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کی شرکت۔ مصنوعی ذہانت، اسٹارٹ اپس اور عالمی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلۂ خیال
نیویارک: امریکہ کے معروف ییل کلب میں پاک لانچ یو این کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹیکنالوجی ماہرین، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور اسٹارٹ اپس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد پاکستانی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا اور پاکستانی کاروباری افراد کو بین الاقوامی ٹیکنالوجی کی صنعت سے جوڑنا تھا۔
پاک لانچ کے بانی علی فہد کی زیرِ اہتمام منعقدہ کانفرنس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی بھی شریک ہوئے۔ شرکا نے مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، کاروباری جدت اور اسٹارٹ اپس کی ترقی کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ، علی فہد، معروف کاروباری شخصیت زیلاف منیر اور سرمایہ کار فیصل آفتاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیلنٹ کی صلاحیتوں، عالمی سرمایہ کاری کے امکانات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستانی کاروباری افراد اور ٹیکنالوجی ماہرین کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے ذریعے سرمایہ کاری، جدت اور کاروباری ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔

پاک لانچ یو این کانفرنس کو پاکستانی کاروباری صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کی اہم کوشش قرار دیا گیا۔

شائع ہوا: 22 اکتوبر، 2026 کو 02:32 PM
آخری تدوین: 22 اکتوبر، 2026



