دہشتگردی کے خلاف وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار، رانا ثنا اللہ کی اپوزیشن کو دعوت

رانا ثنا اللہ نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو وزیراعظم شہباز شریف سے مذاکرات کی دعوت دے دی۔ محمود اچکزئی، ایپکس کمیٹی اور بانی پی ٹی آئی سے متعلق اہم بیان بھی سامنے آگیا
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دہشتگردی کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ ملک میں دہشتگردی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی تیار کریں۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی صورتحال پر صوبائی حکومت کا وفاق کے ساتھ تعاون نہیں مل رہا تھا، جبکہ بلوچستان میں صوبائی حکومت مکمل طور پر وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت دہشتگردی کا مقابلہ کر رہا ہے اور گزشتہ روز بھی ایک میجر نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ایسے حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر قومی سلامتی کے معاملات پر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آج بھی دہشتگردی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کے دستخط سے اپوزیشن لیڈر بنے ہیں اور عہدہ سنبھالنے کے باوجود اسپیکر چیمبر میں جانے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ خود محمود اچکزئی کے پاس گئے اور انہیں وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا مشورہ دیا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے نمائندے ایپکس کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے، جہاں قومی سلامتی کے معاملات پر کھل کر بات چیت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران بعض عناصر گالم گلوچ اور اداروں کے خلاف بیانیہ بناتے ہیں، جس کے باعث قواعد و ضوابط کے تحت ملاقاتوں پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کبھی وہ عدالتوں کے ذریعے جیل سے باہر آنا چاہتے ہیں اور کبھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعے رہائی کی امید رکھتے ہیں۔
شائع ہوا: 20 اکتوبر، 2026 کو 12:42 PM
آخری تدوین: 20 اکتوبر، 2026



