راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب


پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا
کراچی: پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے افسران اور اہلکاروں نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھی پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخِ پاکستان میں امر مقام حاصل کیا۔ ان کی بے مثال شجاعت اور فرض سے وفاداری آج بھی قوم کے لیے قابلِ فخر مثال ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ راشد منہاس شہید کا عزمِ شہادت آج بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ شہید کی قربانی، عزم اور وفا کی وہ روشن داستان ہے جو آنے والی نسلوں کو دفاعِ وطن اور قومی ذمہ داری کا درس دیتی رہے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہین راشد منہاس شہید کے جذبۂ شہادت، شجاعت اور بے مثال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

شائع ہوا: 7 ستمبر، 2026 کو 05:04 AM
آخری تدوین: 7 ستمبر، 2026



