روس یورپ سے پابندیاں ختم کرنے کی درخواست نہیں کرے گا، سرگئی لاوروف کا دوٹوک اعلان

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو یورپ کے پیچھے جا کر پابندیاں ختم کرنے کی درخواست نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ روس نے کبھی یورپ سے خود کو الگ نہیں کیا اور وہ باہمی احترام کی بنیاد پر دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا
ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس کبھی یورپ کے پیچھے جا کر پابندیاں ختم کرنے کی درخواست نہیں کرے گا اور ماسکو کو کسی ملک یا گروپ کی خیرسگالی کی ضرورت نہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس نے کبھی یورپ کے ساتھ دیواریں کھڑی نہیں کیں اور نہ ہی خود کو یورپ سے الگ کیا، بلکہ یہ فیصلہ یورپی یونین نے خود کیا۔
انہوں نے کہا کہ یورپ نے گزشتہ برسوں کے دوران یہ سمجھا کہ روس کے لیے تعاون اس قدر ضروری ہے کہ ماسکو پابندیاں ختم کروانے کے لیے واپس جائے گا، معافی مانگے گا اور پرانے تعلقات بحال کرنے کی درخواست کرے گا، تاہم ایسا نہیں ہوگا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس کو اپنی قومی خودداری پر فخر ہے اور اسے کسی ملک یا گروپ کی خیرسگالی کی ضرورت نہیں۔
روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کے پاس ایسے دوست اور شراکت دار موجود ہیں جو نیک نیتی، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعاون کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ یورپی قیادت روس کے ساتھ نیک نیتی کی بنیاد پر تعاون کے لیے تیار نہیں، جبکہ ماسکو اپنی خارجہ اور اقتصادی پالیسی ان ممالک کے ساتھ آگے بڑھاتا رہے گا جو مساوات، باہمی مفاد اور احترام پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ گیارہواں ایسٹرن اکنامک فورم یکم سے 4 ستمبر تک ولادی ووستوک میں فار ایسٹرن فیڈرل یونیورسٹی کے کیمپس میں جاری ہے۔
رواں سال فورم کا مرکزی موضوع "دور مشرق، عوام کی فلاح کے لیے ترقی" رکھا گیا ہے۔
شائع ہوا: 3 ستمبر، 2026 کو 03:44 PM
آخری تدوین: 3 ستمبر، 2026



