روسی وفد کا پنجاب ریسکیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تربیت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

روسی وزارتِ ایمرجنسی و ڈیزاسٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب ریسکیو ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر سے ملاقات میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تربیت اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا
لاہور: روس کی وزارتِ ایمرجنسی و ڈیزاسٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر سے خصوصی ملاقات کی گئی۔ ملاقات میں ہنگامی حالات سے نمٹنے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کے ذریعے پاک روس تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق ڈاکٹر رضوان نصیر نے روسی وفد کو پنجاب ایمرجنسی سروس کے جامع نظام، خدمات اور آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں کال ڈسپیچ، ریسپانس سسٹم، ڈیٹا مینجمنٹ، افرادی قوت اور ایمرجنسی گاڑیوں کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔
روسی وفد نے پنجاب ایمرجنسی سروس کے آپریشنل نظام، آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیتی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفد کے سربراہ اور ڈائریکٹر شعبہ بین الاقوامی تعاون ملنک دمیتری نکولائیوچ نے کہا کہ 2005 کے تباہ کن زلزلے کے دوران روسی ریسکیورز کی پاکستان میں امدادی سرگرمیاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہم مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد اور پیشہ ورانہ یکجہتی پاک روس تعلقات اور تعاون کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجربات اور تربیت کے تبادلے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ دورے کے اختتام پر روسی وفد کے سربراہ نے مہمان نوازی اور پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق روسی وفد میں ملنک دمیتری نکولائیوچ، بولیگین ایلیا نکولائیوچ، دوروتیوک انتون الیگزینڈرووچ اور کارپیوک دمیتری شامل تھے، جو بالترتیب بین الاقوامی تعاون، ریسکیو یونٹس، تعلیمی و سائنسی سرگرمیوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں سے وابستہ ہیں۔
شائع ہوا: 21 اکتوبر، 2026 کو 04:53 PM
آخری تدوین: 21 اکتوبر، 2026



