وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، بم دھماکے میں پاک فوج کے میجر شہید

W
Web Desk
19 اکتوبر، 2026
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، بم دھماکے میں پاک فوج کے میجر شہید

بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے

کوئٹہ (نیوز ڈیسک): بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ بیان کے مطابق یہ ٹھکانے مقامی آبادی کے لیے خطرہ تھے۔

قلات میں انٹیلی جنس آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

پسنی میں آئی ای ڈی دھماکا، پاک فوج کے میجر شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں آپریشن کی قیادت کرنے والے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا۔ انہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران مادر وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے اور سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 19 اکتوبر، 2026 کو 04:50 AM

آخری تدوین: 19 اکتوبر، 2026

متعلقہ مضامین