بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ، تین ملزمان راجستھان سے گرفتار

بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں تین ملزمان کو راجستھان کے کوٹا ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان کا مبینہ تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے۔ فائرنگ میں اداکار محفوظ رہے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے
بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین ملزمان کو بھارتی ریاست راجستھان سے گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان ٹرین کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس نے انہیں کوٹا ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں سے دو کا تعلق ریاست ہریانہ جبکہ ایک کا تعلق بہار سے بتایا جاتا ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا۔ اداکار فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
شائع ہوا: 19 اکتوبر، 2026 کو 01:47 PM
آخری تدوین: 19 اکتوبر، 2026



