سہیل آفریدی سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے ایس ایچ او رمنا کو ملزمان گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ مقدمہ 2024 کے اسلام آباد احتجاج سے متعلق ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت 4 رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے سہیل آفریدی، صوبائی وزیر تعلیم مینا خان، ایم این اے شاہد خٹک اور صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ رمنا کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ذمہ داری پولیس کو سونپ دی۔
چاروں رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ نمبر 975/24 درج ہے، جو 2024 میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج اور مظاہروں سے متعلق ہے۔ مقدمے میں احتجاج کے دوران پولیس سے مبینہ جھڑپوں، توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔
عدالت کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد پولیس نے چاروں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے بانی عمران خان کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے 27 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

شائع ہوا: 10 ستمبر، 2026 کو 01:35 PM
آخری تدوین: 10 ستمبر، 2026



