تبدیلیوں پر حیرت ہوئی، لیکن پی سی بی کے فیصلوں کو تسلیم کرتا ہوں.بابراعظم


قومی ٹیسٹ کپتان بابراعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں پر ردعمل دے دیا۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ تبدیلیوں پر حیرت ہوئی لیکن پی سی بی کے فیصلوں کو تسلیم کرتا ہوں، نتائج اچھے نہ ہوں تو تبدیلیاں ہوتی ہیں، نئے کھلاڑیوں کیلئے یہ سنہری موقع ہے
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فیصلوں پر حیرت ہوئی، تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ جب نتائج اچھے نہ ہوں تو تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، تاہم ان تبدیلیوں کی وجوہات پی سی بی ہی زیادہ بہتر انداز میں بتا سکتا ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ بطور سینئر کھلاڑی ذمہ داری لینا پڑتی ہے۔ ایجبسٹن گراؤنڈ میرے لیے لکی رہا ہے اور امید ہے کہ یہاں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔
قومی ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم آخری میچ میں پاکستان اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا اور ٹیم تینوں شعبوں میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکی۔
انہوں نے نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے پر کہا کہ یہ ان کے لیے سنہری موقع ہے، انہیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اپنی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بابراعظم نے کہا کہ جب آپ پرفارم نہیں کرتے تو باتیں ہوتی ہیں، تاہم اگر کارکردگی کی بات کی جائے تو آخری سیریز میں وہ خود مین آف دی سیریز تھے۔
ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ مختلف کنڈیشنز میں پرفارم کرنا ہوتا ہے۔ پی سی بی نے جو فیصلہ کیا ہے، یقیناً کچھ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں پی سی بی زیادہ بہتر طریقے سے وضاحت کرسکتا ہے، کیونکہ انہیں بھی ان تبدیلیوں کا علم بعد میں ہوا۔

شائع ہوا: 8 ستمبر، 2026 کو 02:44 PM
آخری تدوین: 8 ستمبر، 2026



