ٹرمپ کی تصویر والے یادگاری سکے جاری، فروخت شروع ہوتے ہی نایاب ہوگئے

امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر یو ایس منٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے یادگاری سکے جاری کردیئے۔ 25 اور 100 سکوں کے پیک فروخت کے لیے پیش کیے گئے، جبکہ زندہ افراد کی تصویر امریکی کرنسی پر چھاپنے سے متعلق قانونی بحث بھی جاری ہے
واشنگٹن: امریکی وزارتِ خزانہ کے ذیلی ادارے یو ایس منٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے یادگاری سکے جاری کردیئے، جو فروخت شروع ہوتے ہی نایاب ہوگئے۔
یہ سکے امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیے گئے ہیں۔ سکے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ "ہم خدا پر یقین رکھتے ہیں" (In God We Trust) کی عبارت بھی درج ہے۔

یو ایس منٹ نے 25 سکوں پر مشتمل ایک رول کی قیمت 61 ڈالر مقرر کی، جبکہ 100 سکوں کے تھیلے کی قیمت 154.50 ڈالر رکھی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ان سکوں کے اجرا کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ایک صدی کے دوران امریکی کرنسی یا سکے پر تصویر کے ساتھ نظر آنے والے پہلے زندہ صدر بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی قانون کے تحت کسی زندہ شخص کی تصویر عام امریکی کرنسی پر چھاپنے کی اجازت نہیں ہے۔

تاہم ٹرمپ کے اتحادیوں نے کانگریس میں اس حوالے سے قانون سازی کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی یادگاری سکے جاری کرنے سے متعلق قانونی راستہ ہموار کیا جاسکے۔
یادگاری سکوں کی فروخت شروع ہوتے ہی ان کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا اور یہ جلد ہی دستیاب اسٹاک سے باہر ہوگئے۔
شائع ہوا: 3 ستمبر، 2026 کو 03:52 PM
آخری تدوین: 3 ستمبر، 2026



