وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

پارلیمان میں مشترکہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق، مولانا فضل الرحمان کا اعلان

W
Web Desk
22 اگست، 2026
 پارلیمان میں مشترکہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق، مولانا فضل الرحمان کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ میں مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جوائنٹ اپوزیشن پارلیمان میں مؤثر کردار ادا کرے گی اور مشترکہ مؤقف قوم کے سامنے رکھے گی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتیں مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے پر متفق ہوگئی ہیں، جس کا مقصد پارلیمان میں اپوزیشن کا مؤثر کردار ادا کرنا اور مشترکہ مؤقف قوم کے سامنے پیش کرنا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے نمائندگان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام نمائندگان کا وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اتفاق کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں ایک جوائنٹ اپوزیشن تشکیل دی جائے گی، جو پارلیمان میں مؤثر اقدامات کرے گی اور اپوزیشن کا مؤقف قوم تک پہنچائے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے ملک کی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبے حالتِ جنگ میں ہیں اور حکومتی رٹ کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے اور ہر شخص خود کو غیر محفوظ سمجھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صرف تسلیاں دی جا رہی ہیں، متعدد آپریشنز کیے گئے لیکن ان کے مقاصد اور نتائج واضح طور پر نظر نہیں آ رہے۔ ماضی میں بھی یہی دعوے کیے جاتے رہے، تاہم حالات میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔

مولانا فضل الرحمان نے قبائلی علاقوں کے تاجروں کو درپیش مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد بند ہونے کے باعث تجارت اور کاروبار کے مواقع محدود ہوگئے ہیں اور تاجر برادری شدید متاثر ہوئی ہے۔

خارجہ پالیسی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ایک محصور ریاست بن گیا ہے اور عوام کو حکومت کی جانب سے غلط بیانیہ دیا جا رہا ہے۔

صوبوں کی نئی تشکیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صوبوں کی تشکیل کے لیے کوئی تیاری نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں بحران ہو تو ایسے وقت میں صوبوں کی تقسیم کی بات مناسب نہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ آئیے بات کریں، لیکن مذاکرات کے لیے دونوں جانب سے سنجیدہ کوشش ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اتفاقِ رائے ہوگیا ہے، تاہم تمام جماعتوں کے نمائندگان اب اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کریں گے، جس کے بعد اپوزیشن کا اگلا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 22 اگست، 2026 کو 08:08 AM

آخری تدوین: 22 اگست، 2026

متعلقہ مضامین