وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

واٹس ایپ میں خطرناک سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی، صارفین کے لیے سائبر ایڈوائزری جاری

W
Web Desk
23 نومبر، 2026
واٹس ایپ میں خطرناک سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی، صارفین کے لیے سائبر ایڈوائزری جاری

واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں خطرناک سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی پر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔ صارفین کے چیٹ ڈیٹا، فائلوں اور آئی پی ایڈریس کو خطرات لاحق، فوری اپ ڈیٹ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں سکیورٹی سے متعلق خطرناک خامیوں کی نشاندہی کے بعد نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

ایڈوائزری کے مطابق سکیورٹی خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کرسکتی ہیں، جس کے باعث صارفین کی ذاتی معلومات، چیٹ ڈیٹا اور ڈیوائسز کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ صارفین کو واٹس ایپ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

سائبر ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ جعلی آرڈر ڈیٹیلز پر مشتمل پیغامات کے ذریعے ڈیوائس میں موجود مقامی فائلیں ڈیلیٹ ہونے جبکہ چیٹ ڈیٹابیس کی معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق ایک سکیورٹی خامی میٹا اے آئی کے سرٹیفکیٹ ویریفیکیشن سے متعلق ہے، جبکہ دوسری خامی کے ذریعے حملہ آور صارف کے ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم کرسکتے ہیں۔ آئی پی ایڈریس کی نشاندہی کرنے والی خامی کو اسپیم پیغامات کے ذریعے استعمال کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق بعض خامیوں کے ذریعے حملہ آور کی جانب سے بھیجا گیا میڈیا یا یو آر ایل ڈیوائس پر چل سکتا ہے، جبکہ واٹس ایپ کے ونڈوز ورژن میں نقصاندہ فائل عام دستاویز کی شکل میں ظاہر ہوکر چل سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ واٹس ایپ صرف گوگل پلے اسٹور، ایپل ایپ اسٹور یا آفیشل ذرائع سے اپ ڈیٹ کریں اور غیر سرکاری یا موڈیفائیڈ واٹس ایپ ورژنز استعمال کرنے سے گریز کریں۔

صارفین کو نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجے گئے آرڈر ڈیٹیلز کے پیغامات پر کلک نہ کرنے، اشتہاری یا کلک ٹو واٹس ایپ لنکس سے محتاط رہنے، میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنے اور مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 23 نومبر، 2026 کو 02:33 PM

آخری تدوین: 23 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین