پشاور کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال، نوٹیفکیشن جاری

پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے دوبارہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کردیا گیا۔ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جبکہ پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا
پشاور: پشاور کے کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کردیا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے محکمہ کھیل نے نام کی بحالی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے دوبارہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم رکھ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پشاور کے اس کرکٹ اسٹیڈیم کو سابق وزیراعظم عمران خان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا، تاہم اب اس کا پرانا نام ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا، جبکہ پشاور کو پی ایس ایل کے چھٹے میزبان شہر کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی 2016 میں شروعات کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ لیگ کے میچز پشاور میں کھیلے جائیں گے، جس سے شہر میں بین الاقوامی اور بڑے پیمانے پر کرکٹ سرگرمیوں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔
شائع ہوا: 24 نومبر، 2026 کو 01:41 PM
آخری تدوین: 24 نومبر، 2026



