بالٹی مور کاؤنٹی اسکول کیلنڈر میں عید کی تعطیلات برقرار رکھنے کا مطالبہ
محمد نعیم اختر7 اکتوبر، 2026
بالٹی مور کاؤنٹی بورڈ آف ایجوکیشن کے سامنے مسلم کمیونٹی نے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اسکول کیلنڈر میں برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔ شازیہ شاہ نے مذہبی مساوات، شمولیت اور مسلمان طلبہ و خاندانوں کے احترام پر زور دیا
بالٹی مور کاؤنٹی: مسلم کمیونٹی نے بالٹی مور کاؤنٹی بورڈ آف ایجوکیشن سے اسکول کیلنڈر میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بالٹی مور کاؤنٹی کی رہائشی شازیہ شاہ نے بورڈ آف ایجوکیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید مسلمانوں کے لیے محض کیلنڈر پر درج ایک عام دن نہیں بلکہ اسلام کے اہم مذہبی تہواروں میں شامل ہے، جس پر مسلمان خاندان نماز، شکرگزاری اور خوشی کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکول کیلنڈر سے عید کی تعطیلات ختم کرنے سے مسلمان طلبہ اور خاندانوں میں یہ احساس پیدا ہوسکتا ہے کہ ان کی مذہبی روایات کو دیگر کمیونٹیز کے مقابلے میں کم اہمیت دی جا رہی ہے۔'
شازیہ شاہ نے بورڈ پر زور دیا کہ بالٹی مور کاؤنٹی کے اسکول مختلف مذاہب، ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ پر مشتمل ہیں، اس لیے مذہبی احترام اور شمولیت کو اسکول پالیسی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کی تعطیلات برقرار رکھنا کسی ایک کمیونٹی کو خصوصی رعایت دینا نہیں بلکہ مختلف مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے ساتھ مساوات، وقار اور احترام کا معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان طلبہ، والدین، اساتذہ اور اسکول عملے کو اپنے اہم مذہبی تہوار منانے اور اپنی تعلیمی یا پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کرنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔
شازیہ شاہ نے بالٹی مور کاؤنٹی بورڈ آف ایجوکیشن سے مطالبہ کیا کہ عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کو اسکول کیلنڈر میں برقرار رکھا جائے تاکہ ہر طالب علم یہ محسوس کرے کہ اس کے مذہب، خاندان اور کمیونٹی کو اسکول نظام میں عزت اور نمائندگی حاصل ہے۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 7 اکتوبر، 2026 کو 09:59 AM
آخری تدوین: 7 اکتوبر، 2026



