ایران امریکا کے ساتھ ڈیل کا خواہشمند، جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ حقیقی معاہدے کی خواہش کا اظہار کیا
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے، تاہم امریکا تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ایشیا کے دورے سے واپسی کے بعد وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ ایک حقیقی اور ٹھوس معاہدہ چاہتا ہے، کوئی جعلی یا نمائشی ڈیل قبول نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق ایران کے ساتھ وہی معاہدہ کیا جائے گا جو امریکا کے لیے قابل قبول ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران گزشتہ 51 برس سے لوگوں کو دھوکا دیتا آرہا ہے۔ انہوں نے تہران کے خلاف جنگ کو ایک معمولی فوجی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی صدر نے اپنے دورہ چین کو بھی شاندار قرار دیا اور کہا کہ ایشیا کے دورے کے دوران بہترین تجارتی معاہدے کیے گئے۔ اس موقع پر روس اور چین کے صدور کے ساتھ بھی تعمیری بات چیت ہوئی۔
عالمی معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
امریکی وسط مدتی انتخابات کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی شہری انتخابی نتائج سے خوش نہیں ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اگر ان کا نام بھی بیلٹ پیپر پر موجود ہوتا تو انتخابی نتائج بالکل مختلف ہوتے۔
صدر ٹرمپ کے ان بیانات کو ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ سفارتی پیش رفت اور جوہری معاہدے سے متعلق امریکی مؤقف کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
شائع ہوا: 21 نومبر، 2026 کو 05:50 AM
آخری تدوین: 21 نومبر، 2026



