پنوعاقل میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا دوہرا قتل، پولیس نے دو ملزمان گرفتار کر لیے

پنوعاقل، سکھر میں پسند کی شادی کرنے والے سدرہ سمیجو اور دیدار شیخ کو قومی شاہراہ کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسلح ملزمان نے کوچ سے اتار کر جوڑے کو نشانہ بنایا۔ سکھر پولیس نے دو ملزمان عبدالمالک سمیجو اور عبدالحنان سمیجو کو گرفتار کرکے ایک ریپیٹر برآمد کرنے کی اطلاع دی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں
پنوعاقل: سندھ کے شہر پنوعاقل میں قومی شاہراہ پر وی آئی پی گیٹ کے قریب پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے ایک ریپیٹر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول لڑکی کی شناخت سدرہ سمیجو جبکہ نوجوان کی شناخت دیدار شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان نے قومی شاہراہ کے قریب ایک کوچ کو روک کر جوڑے کو نیچے اتارا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مقتولہ کا تعلق سمیجو جبکہ مقتول نوجوان کا تعلق شیخ برادری سے تھا۔ دونوں نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ پولیس کے مطابق ایک جرگے میں دونوں کو الگ کردیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ دوبارہ گھر سے چلے گئے اور ساتھ رہنے لگے۔
پولیس کے مطابق جوڑا واقعے کے روز پنوعاقل آیا تھا۔ واپسی پر ملزمان نے مبینہ طور پر ان کا تعاقب کیا اور قومی شاہراہ کے قریب فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا۔
سکھر پولیس نے دہرے قتل کے مقدمے میں دو ملزمان، عبدالمالک سمیجو اور عبدالحنان سمیجو کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ریپیٹر بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
شائع ہوا: 23 اکتوبر، 2026 کو 05:33 AM
آخری تدوین: 23 اکتوبر، 2026



