ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: قطر

قطر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان قطری ثالثی میں مذاکرات اور پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق مذاکرات کا مقصد قابلِ عمل حل تک پہنچنا ہے، جبکہ قطر نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مکہ دفاعی معاہدے کی بھی حمایت کردی
دوحہ: قطر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان قطر کی ثالثی میں مذاکرات اور پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ایک قابلِ عمل حل تک پہنچنا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے شعبہ اطلاعات کے ڈائریکٹر ابراہیم بن سلطان الہاشمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل میں تمام فریقوں کے تحفظات اور خدشات کو مدِنظر رکھنا ضروری ہے۔
قطری عہدیدار نے خطے میں سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ایسے حل کی تلاش جاری ہے جو تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کو سامنے رکھتے ہوئے قابلِ عمل ہو۔
دوسری جانب قطر نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ دفاعی معاہدے کی حمایت کا بھی اظہار کیا ہے۔
مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے قطری عہدیدار نے کہا کہ مکہ اتحاد خطے کے ممالک کے وسائل کے تحفظ اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے علاقائی تعاون کو مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر خطے کے ممالک کی جانب سے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
شائع ہوا: 7 اکتوبر، 2026 کو 01:43 PM
آخری تدوین: 7 اکتوبر، 2026



