آئی ایم ایف کا پاکستان سے فیول سبسڈی اسکیم بلا تاخیر ختم کرنے کا مطالبہ

آئی ایم ایف نے پاکستان سے زیادہ لاگت اور وسیع دائرہ کار کے باعث فیول سبسڈی اسکیم بلا تاخیر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ موجودہ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے صارفین کو پیٹرول پر ماہانہ 3 ہزار روپے تک ریلیف دیا جارہا ہے
اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے فیول سبسڈی اسکیم بلا تاخیر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق موجودہ اسکیم کی لاگت زیادہ اور اس کا دائرہ کار بہت وسیع ہے۔
حکومت نے یہ ریلیف اسکیم گزشتہ ماہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے متعارف کرائی تھی۔
اس اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے، جس کے باعث مستحق افراد کو ماہانہ 3 ہزار روپے تک کی بچت ہورہی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اسکیم کے لیے ڈیجیٹل رجسٹریشن اور فیول ٹوکن کے حصول کا نظام متعارف کرایا گیا۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اب تک تقریباً 84 لاکھ افراد سبسڈی حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔
آئی ایم ایف کے حالیہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں توقعات سے زیادہ بڑھیں تو مستقبل میں کسی بھی فیول سبسڈی اسکیم کو محدود مدت کے لیے رکھا جائے اور اس کا دائرہ مخصوص افراد تک محدود ہو۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ ایسی صورت میں امداد کی فراہمی کے لیے پہلے سے موجود سماجی معاونتی پروگراموں کو استعمال کیا جائے اور مالی معاونت مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں مختص حدود کے اندر رکھی جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کہہ چکے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر پیٹرول سبسڈی اسکیم 10 ماہ تک بھی جاری رکھی جائے گی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی عوام کو مشکل معاشی حالات میں ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرچکے ہیں۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کے جائزوں پر اسٹاف لیول معاہدہ بھی طے پاچکا ہے، جس کے بعد آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو تقریباً ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی نئی قسط ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے فیول سبسڈی اسکیم کو جلد ختم کرنے کے مطالبے پر عملدرآمد کی صورت میں اس سے فائدہ اٹھانے والے لاکھوں شہریوں کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، کیونکہ موجودہ اسکیم کا مقصد عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ کم اور کم و متوسط آمدن والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
شائع ہوا: 8 اکتوبر، 2026 کو 10:54 AM
آخری تدوین: 8 اکتوبر، 2026



