راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون کے مبینہ قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت

راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون حنا جاوید کے مبینہ قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق گھریلو ملازم ذیشان نے دورانِ تفتیش مختلف بیانات دیے، جن میں مبینہ طور پر تضاد پایا گیا۔ ملزم نے ایک بیان میں شوہر فیصل اصغر پر الزام عائد کیا، دوسرے میں دونوں کے مبینہ طور پر مل کر قتل کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ تیسرے بیان میں خود اکیلے قتل کرنے کا مؤقف اختیار کیا
راولپنڈی میں شادی شدہ خاتون حنا جاوید کے مبینہ قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق گھریلو ملازم ذیشان نے دورانِ تفتیش حنا جاوید کے قتل سے متعلق مختلف بیانات دیے ہیں، جن میں مبینہ طور پر تضاد پایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریمانڈ کے بعد ملزم ذیشان نے قتل کے طریقہ کار سے متعلق مختلف مؤقف اختیار کیے۔ پہلے بیان میں اس نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے دوران شوہر فیصل اصغر نے حنا جاوید کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر اس کا گلا دبایا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دوسرے بیان میں ذیشان نے دعویٰ کیا کہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا اور فیصل اصغر نے اسے مدد کے لیے بلایا، جس کے بعد دونوں نے مبینہ طور پر مل کر حنا جاوید کو قتل کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے بیان میں ذیشان نے حنا جاوید کو مبینہ طور پر خود اکیلے قتل کرنے کا دعویٰ کیا۔ ملزم کے مطابق جھگڑے کے دوران مقتولہ نے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم اسے واپس بلایا گیا اور مزاحمت کے دوران مبینہ طور پر اس کا گلا دبا دیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ذیشان اسی گھر کے ایک پورشن میں رہائش پذیر تھا۔ تفتیش کے دوران یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ وہ مبینہ طور پر حنا جاوید کے پرس اور گھر سے نقدی چراتا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے بیانات میں تضاد کے باعث پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق قتل کے بعد لاش کو اکیلے باتھ روم میں لٹکانا ممکن ہونے سے متعلق بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
پولیس کو مقتولہ کے سسر کی جانب سے گھر میں چور داخل ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو حنا جاوید کی لاش باتھ روم میں شاور سے بندھی ہوئی ملی۔
پولیس حکام مختلف بیانات، دستیاب شواہد اور جائے وقوعہ کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ واقعے کے اصل محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ تاہم تفتیش مکمل ہونے تک کسی بھی ملزم کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا۔
شائع ہوا: 24 اگست، 2026 کو 03:24 PM
آخری تدوین: 24 اگست، 2026



