بالٹی مور میں انٹرنیشنل سیرت النبی ﷺ کانفرنس، کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت
محمد نعیم اختر21 ستمبر، 2026
بالٹی مور میری لینڈ میں انٹرنیشنل سیرت النبی ﷺ کانفرنس 2026 کا انعقاد، علماء اور معروف شخصیات کے خطابات، سیرتِ طیبہ ﷺ، اسلامی تعلیمات، اتحادِ امت اور نئی نسل کی دینی تربیت پر خصوصی زور
بالٹی مور، میری لینڈ: امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں انٹرنیشنل سیرت النبی ﷺ کانفرنس 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی، مسلم اور دیگر کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس ہفتہ 19 ستمبر 2026 کو اسلامک سوسائٹی آف بالٹی مور (ISB) میں منعقد ہوئی، جس میں معروف مذہبی و سماجی شخصیات اور علماء نے شرکت کی۔ نمایاں مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، برادر ادریسو آدم اور ڈاکٹر محسن انصاری شامل تھے۔


مقررین نے نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ مسلمانوں کے لیے عملی زندگی کا مکمل رہنما اصول ہے۔ انہوں نے نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ اور اسلامی اقدار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی دینی، علمی اور اجتماعی تقریبات نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے جوڑنے اور کمیونٹی کے درمیان باہمی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

شرکاء نے کانفرنس کے انعقاد کو سیرتِ رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے اور کمیونٹی کو قریب لانے کی اہم کاوش قرار دیا۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے نبی اکرم ﷺ سے محبت، آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل اور معاشرے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 21 ستمبر، 2026 کو 02:09 PM
آخری تدوین: 21 ستمبر، 2026



