محسن نقوی کا دورہ تہران صرف دوطرفہ تعلقات پر مرکوز ہوگا، ایرانی وزارت خارجہ


ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ تہران صرف دوطرفہ تعلقات پر مرکوز ہوگا، امریکی پیغام کے تبادلے سے آگاہ نہیں
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ تہران صرف دوطرفہ تعلقات پر مرکوز ہوگا۔
اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستانی وزیر داخلہ کے دورے کے دوران جنگ کے خاتمے کے لیے جاری ثالثی کی کوششوں سے متعلق کسی مخصوص امریکی پیغام کے تبادلے سے وہ آگاہ نہیں ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان انتہائی اچھے تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید فروغ پا رہے ہیں۔ ان کے مطابق خاص طور پر گزشتہ چند ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ اچھی ہمسائیگی کی حکمت عملی کے تحت ایران کی پالیسی یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود ثقافتی، تاریخی اور مشترکہ رشتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے باہمی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور تعلقات کے فروغ کو اہمیت دیتا ہے۔

شائع ہوا: 20 ستمبر، 2026 کو 04:01 AM
آخری تدوین: 20 ستمبر، 2026



