وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

نئے صوبوں پر شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، مصطفیٰ کمال

W
Web Desk
23 نومبر، 2026
 نئے صوبوں پر شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی اور 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کی، کراچی میں بڑے اجتماع کا اعلان بھی کردیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جو لوگ کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

کراچی کے ضلع کورنگی میں پارٹی ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں کہ اس میں ترمیم نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی خود ساختہ چیمپئن پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے متعارف کردہ آئین میں اب تک 27 ترامیم کروا چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد وفاق مالی طور پر مشکلات کا شکار ہے، جبکہ صوبے ہزاروں ارب روپے حاصل کرنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے گریزاں ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا دعویٰ تھا کہ گزشتہ 16 برس کے دوران وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک بنیادی مسائل برقرار ہیں اور شہری علاقوں کی صورتحال میں مطلوبہ بہتری نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک عام انتخابات یا اسمبلی نشستیں حاصل کرنے کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے جڑی ایک سنجیدہ جدوجہد ہے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کے بقول کراچی تبدیلی کے لیے تیار ہے اور ظلم کے خاتمے کے بعد عوام کے لیے راحت کا دور شروع ہوگا۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ ان شاء اللہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے دائمی عہد کا آغاز ہوگا اور نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں کراچی اپنا فیصلہ سنائے گا۔

انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد کو آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل سے جوڑ کر آگے بڑھایا جائے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 23 نومبر، 2026 کو 08:35 AM

آخری تدوین: 23 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین