پاک فوج کا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو (ER) کا کامیاب تجربہ

پاک فوج نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو (ای آر) کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جدید نیویگیشن سسٹم اور ایونکس سے لیس میزائل دورانِ پرواز سمت تبدیل کرنے اور انتہائی درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کی توسیع شدہ رینج سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی میں اضافے کی توقع ہے۔ صدر، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی
اسلام آباد: پاک فوج نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو (ای آر) کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق توسیع شدہ رینج کا حامل یہ میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایونکس سے لیس ہے، جبکہ دورانِ پرواز اپنی سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فتح ٹو (ای آر) انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میزائل کی خصوصیات اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کے خلاف مؤثر بناتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کی رینج میں اضافے سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی میں مزید اضافہ ہوگا اور دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور تجربے میں حصہ لینے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور اعلیٰ تکنیکی مہارت کو سراہا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
شائع ہوا: 13 اکتوبر، 2026 کو 02:38 PM
آخری تدوین: 14 اکتوبر، 2026



