پاکستان آج سے جوہری سلامتی کے عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا، 49 ممالک کی شرکت متوقع

پاکستان 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی کے عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا، آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے
اسلام آباد: پاکستان آج سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی سے متعلق عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (این ایس ایس سی) کا 15واں سالانہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ چار روزہ اجلاس 26 نومبر تک جاری رہے گا۔
اجلاس کے دوران جوہری سلامتی سے متعلق تربیتی نظام کو مزید مؤثر بنانے، بین الاقوامی تعاون کو مضبوط کرنے اور اس شعبے میں تجربات اور مہارتوں کے تبادلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
این ایس ایس سی نیٹ ورک ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو رکن ممالک کو علم کے تبادلے، باہمی رابطہ کاری اور صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کے نظام کو بہتر بنانے میں تعاون فراہم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں اس اہم عالمی اجلاس کی میزبانی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان میں جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی حفاظتی نگرانی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ پاکستان مختلف بین الاقوامی شراکت داریوں اور تربیتی اقدامات کے ذریعے جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت کو اجاگر کرتا رہا ہے۔
اجلاس میں شریک ممالک اور متعلقہ اداروں کو دنیا بھر میں جوہری سلامتی کے نظام کو درپیش نئے چیلنجز پر غور کرنے اور بہترین طریقہ ہائے کار سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت اسلام آباد ویانا میں آئی اے ای اے کے صدر دفتر سے باہر اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا دنیا کا پہلا شہر بنا تھا۔
شائع ہوا: 23 نومبر، 2026 کو 06:19 AM
آخری تدوین: 23 نومبر، 2026


