جنوبی پنجاب اور بہاولپور کی قراردادیں بے کار ہوچکیں، رانا ثنا اللہ


وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے جنوبی پنجاب اور بہاولپور سے متعلق پنجاب اسمبلی کی پرانی قراردادوں کو بے کار قرار دے دیا
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کی منظور کردہ قراردادیں اب بے کار ہوچکی ہیں۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور سے متعلق قراردادیں تقریباً 10 سال قبل منظور کی گئی تھیں، تاہم اب ان کی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی اسمبلی کی مدت کے دوران کسی قرارداد پر عمل نہ ہوسکے تو یہ اگلی اسمبلی پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے پر نئی قرارداد منظور کرتی ہے یا نہیں۔
اسلام آباد کو صوبہ بنانے سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکومت کو آخری وارننگ دے چکا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پہلے سے منظور شدہ بلدیاتی ایکٹ کے مطابق کرائے جائیں۔
صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس معاملے پر یا تو خاموش ہے یا بحث کا حصہ نہیں بننا چاہتی۔ ان کے مطابق صوبوں سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے کیونکہ یہی اس بحث کی اصل جگہ ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زبان بندی نہیں کی، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں، تاہم اگر عوامی ریفرنڈم ہونا ہے تو وہ پارلیمنٹ کی منظوری اور آئین کے مطابق ہی ہوگا، کسی وزیر کے بیان کی بنیاد پر نہیں۔

شائع ہوا: 8 ستمبر، 2026 کو 04:18 AM
آخری تدوین: 8 ستمبر، 2026



