وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے، 1.21 ارب ڈالر ملنے کی راہ ہموار

W
Web Desk
8 اکتوبر، 2026
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے، 1.21 ارب ڈالر ملنے کی راہ ہموار

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا۔ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.21 ارب ڈالر ملیں گے، جبکہ کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت مزید 20 کروڑ ڈالر جاری کیے جائیں گے

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے بعد پاکستان کے لیے 1.21 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.21 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے موجودہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے پانچویں جائزے کے لیے چوتھا جائزہ اجلاس ہوا، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے تیسرے جائزے پر بھی مذاکرات مکمل کیے گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے بہترین کوششیں کیں، آئی ایم ایف پروگرام کے نتیجے میں معاشی استحکام آیا اور اصلاحات کا عمل تیز ہوا۔

آئی ایم ایف کے مطابق کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو مزید 20 کروڑ ڈالر جاری کیے جائیں گے۔ مشکل بیرونی حالات کے باوجود پاکستان کی معاشی کارکردگی بہتر رہی جبکہ حکومت نے تیل کے بحران کو بھی بہتر انداز میں قابو کیا۔

اعلامیے کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.6 فیصد تھی۔ مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آئی ہے اور یہ اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف کی جانب واپس آرہی ہے۔

آئی ایم ایف نے بتایا کہ پاکستان نے تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 2 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ پاکستان کے ساتھ آرٹیکل فور کے تحت مذاکرات بھی کامیابی سے مکمل ہوگئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عمل درآمد جاری ہے، نجکاری پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی لانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 8 اکتوبر، 2026 کو 05:07 AM

آخری تدوین: 8 اکتوبر، 2026

متعلقہ مضامین