مانچسٹر میں ڈان ٹولیور کے کنسرٹ میں آنسو گیس کا شبہ، شائقین میں خوف و ہراس

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ڈان ٹولیور کے کنسرٹ کے دوران مشتبہ آنسو گیس پھیلنے سے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، پولیس نے ہال خالی کرا لیا
مانچسٹر: برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں امریکی گلوکار ڈان ٹولیور کے کنسرٹ کے دوران مشتبہ آنسو گیس کے اخراج سے ہلچل مچ گئی، جس کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی اور کنسرٹ روکنا پڑا۔
واقعہ کو-آپ لائیو ایرینا میں پیش آیا، جہاں اچانک دھواں پھیلنے کے بعد شائقین کھانسنے لگے اور متعدد افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال کے باعث لوگوں نے فوری طور پر ہال سے باہر نکلنا شروع کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بڑے ہنگامی واقعے کا اعلان کردیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر کنسرٹ ہال میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ متاثرہ افراد کو موقع پر ہنگامی طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی شخص کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام واقعے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم مشتبہ آنسو گیس کے اخراج کی حتمی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔
شائع ہوا: 23 نومبر، 2026 کو 09:16 AM
آخری تدوین: 23 نومبر، 2026



