ترکیہ کے ساتھ جنگ کا خطرہ، اسرائیلی اخبار کی نیتن یاہو پر شدید تنقید

اسرائیلی اخبار ہارٹز نے وزیراعظم نیتن یاہو کو شام میں ایئربیس پر حملے کے فیصلے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اخبار کے مطابق نیتن یاہو اسرائیل کو ترکیہ کے ساتھ بے مقصد جنگ میں دھکیلنے کا خطرہ مول لے رہے ہیں۔ ترکیہ اور امریکا نے بھی اسرائیلی دعووں کو مسترد کردیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ’ہارٹز‘ نے وزیراعظم نیتن یاہو کو شام میں ایئربیس پر حملے کے فیصلے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل ترکیہ کے ساتھ ایک بے مقصد جنگ میں پھنس سکتا ہے۔
اخبار کے مطابق نیتن یاہو اسرائیل کو ایک ایسے نئے محاذ کی طرف لے جا رہے ہیں جس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ہارٹز نے لکھا کہ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ انتخابات سے قبل نیتن یاہو غزہ یا لبنان میں جنگ چھیڑنے یا مغربی کنارے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کریں گے، تاہم انہوں نے اس سے بھی ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے شام میں ترکیہ کے ساتھ نیا محاذ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران اسرائیلی حکام کی جانب سے ترکیہ کے خلاف بیان بازی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
اسرائیلی اخبار نے نیتن یاہو کے اس مؤقف کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شام میں حملہ خطے میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو روکنے کے لیے کیا گیا۔ تاہم ترکیہ اور امریکا دونوں نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے نیتن یاہو کے اقدامات کو انتخابی مفادات سے جوڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے شام میں ترکیہ کے ساتھ براہِ راست محاذ آرائی کا خطرہ مول لینا اسرائیل کے لیے غیر ضروری اور خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
شائع ہوا: 24 اگست، 2026 کو 03:51 AM
آخری تدوین: 24 اگست، 2026



